کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات، چھالیہ اور ایرانی ڈیزل برآمد کرکے 16 اسمگلروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے مطابق کوسٹ گارڈ نے ناکہ کھاری چیک پوسٹ، وندر شہر، گوادر پلیری چیک پوسٹ، پاک ایران بارڈر پر دوران گشت مختلف گاڑیوں سے غیر ملکی چھالیہ، ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا جبکہ گوادر پاک ایران بارڈر سے 15 تارکین وطن کو گرفتار کرلیا، اس کے علاوہ چوہڑ جمالی سے دوران چیکنگ ٹرک میں بھوسے کے نیچے چھپائی گئی 5,936 کلو گرام چھالیہ برآمد کرکے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، ترجمان کوسٹ گارڈ نے کہا کہ اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ، 15 عدد گاڑیاں اور 16 اسمگلرز کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پکڑی جانے والی منشیات، چھالیہ اور گاڑیوں کی مجموعی مالیت تقریباً 11 کروڑ 10 لاکھ 62 ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔