خیبر پختونخواکا کابینہ اجلاس‘اجمل وزیر آڈیوکی تحقیقاتی کمیشن کی توثیق

80

پشاور ( اے پی پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل تمام منصوبوں کی 3مہینے کے اندر اندر متعلقہ فورمز سے باضابطہ منظور ی کو یقینی بنایا جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔متعلقہ وزرا اس سلسلے میں اپنے محکموں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔ ٹھیک ایک مہینے بعد وہ خود اس سلسلے میں تمام محکموں کی انفرادی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد کریں گے۔ اسی طرح کابینہ نے سابق مشیر اطلاعات اجمل وزیر کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات کے لیے قائم انکوائری کمیشن کی توثیق کردی۔کابینہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلے کی روشنی میںتعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ عیدالاضحی کے بعد حالات کو دیکھتے ہوئے اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ کابینہ اراکین کے علاوہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادراور متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ گندم کی خریداری کا مقررہ ہدف حاصل نہ کرنے پر وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو اس کی وجوہات کے بارے میں کابینہ کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو آنے والے دنوں میں صوبے کو گندم کی پیداوار میں خود کفیل بنانے اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کابینہ نے صوبے کی فلور ملوں کو رعایتی نرخوں پر گندم کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے، جس کے نتیجے میں آٹے کے 20کلو تھیلے کی قیمت 860روپے مقرر ہوگی۔ انہوں نے کابینہ اراکین کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اسمبلی اجلاس میں اپنی بھر پورحاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔