امریکہ کی جانب سے ہوسٹن میں چینی قونصل خانے پر پابندی لگائے جانے کے بعد چین نے بھی چینگڈو میں امریکی قونصل خانے کے تمام آپریشن بند کرنے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے سی این این کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی جانب سے شہر چینگڈو میں امریکی سفارتکاروں کو قونصل خانے کے لائسنس منسوخ کئیے جانے کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے جس کے تحت امریکی قونصل خانے کی تمام سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ نے چینی حکومت کو اس فیصلے پر اکسایا ہے کیونکہ امریکہ نے بھی ہیوسٹن میں چینی قونصل کے دفتر کو بند کرنے کا حکم صادر کیا ہے جو کہ بین الاقوامی قانون و تعلقات کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ، “چین اور امریکہ کے درمیان موجودہ صورتحال کچھ ایسی ہے جو چین دیکھنا نہیں چاہتا ہے تاہم اس کا ذمہ دار مکمل طور پر امریکہ ہے۔ ہم ایک بار پھر امریکہ سے دو طرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے امریکہ کے اس فیصلے کو فوری طور پر کالعدم قرار دینے کی اپیل کرتے ہیں۔”