پشاور (آئی این پی) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ہفتے شہر کے مختلف سیکٹروں میں تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 65 افراد پر جرمانے عائد کیے۔ ہفتے کو ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی اور باقاعدہ ان میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے جس میں تجاوزات سے پیدا ہونے والی مشکلات کے بارے میں کلمات درج تھے تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے مختلف سیکٹروں میں کارروائیاں کی گئیں اور 65 افراد کو گرفتار کرکے ان پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ صدر میں بلور پلازے کے باہر نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے پر 30 موٹر سائیکلیں ٹرمینل میں بند کردیں۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ تجاوزات مافیا رضا کارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کرے بصورت دیگر ان کیخلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی کیونکہ تجاوزات قائم کرنے سے ٹرانسپورٹروں اور راہ گیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں پارکنگ اسٹینڈ میں کھڑی کریں جبکہ نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کی گاڑیاں ٹرمینل میں بند کی جائیں گی۔