لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے کہا ہے کہ امریکا چین کی وجہ سے سی پیک کیخلاف پروپیگنڈا کررہا ہے، امریکا چین کو اپنا اولین حریف کہتا ہے اسی لیے ہر منصوبے میں رکاوٹیں ڈالتا ہے۔ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ سی پیک سے پاکستان کا
استحصال جبکہ چین کو یکطرفہ فائدہ ہوگا اور سی پیک پاکستان کی معیشت پر بوجھ ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی کو اپنے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ امریکا چین کو اپنا اولین حریف کہتا ہے اور چین کے ہر منصوبے میں رکاوٹیں ڈالتا ہے۔ چین کی وجہ سے امریکا سی پیک کیخلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ سی پیک سے پاکستان کو ہی نہیں بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ خطے کے دیگر ممالک بھی سی پیک میں شامل ہوکر اس کے ثمرات سے مستفید ہوں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کو یقینا ایک اور طرح کا بھی عالمی چیلنج درپیش ہے، جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ چین دنیا کا اقتصادی مرکز بنتا جا رہا ہے اور امریکا کا بڑا حریف بن کر ابھر رہا ہے۔سی پیک جو کہ باہمی اقتصادی ترقی کا منصوبہ ہے اس کو بدنام کرنے کیلیے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان کا استحصال کیا جا رہا ہے اور یہ یکطرفہ مفاداتی منصوبہ ہے جس کے تمام تر فوائد چین کو ہوں گے۔ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے مہنگا منصوبہ ہے اور پاکستان کی معیشت پر بوجھ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پروپیگنڈا سی پیک دشمنوں کی جانب سے باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیا جارہا ہے تاکہ باہمی اقتصادی تعاون کے اس منصوبے میں رکاوٹیں ڈالی جائیں۔ جب سے ہم سی پیک تعاون منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ ہم پچھلے چار ادوار سے پاکستانی حکومتوں اور سوسائٹی کے ساتھ بہتر کام کررہے ہیں تو ہم بہتر پوزیشن میں ہیں۔ تاکہ سمجھا جاسکے کہ یہ خالصتا اقتصادی اور تجارتی منصوبے ہیں۔