ملک بھرمیں آج عید الاضحی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائیگی

108

اسلام آباد/ لاہور/ کراچی/ پشاور (صباح نیوز‘اے پی پی ) ملک بھر میں آج عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منا
ئی جائے گی، مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے بڑی تعداد میں جانور قربان کریں گے۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور پشاور و دیگر بڑے شہروں کے کھلے میدانوں میں نماز عید ادا کی جائے گی، سیکورٹی کے پیش نظر ناکوں پر پولیس نفری بڑھادی گئی۔ حکومت نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد کروائے اور عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے باعث ایس او پیزپر عمل کریں۔رپورٹ کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحی کے موقع پر پوری قوم اورعالم اسلام کومبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے، عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کریں، عید قربان کے موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کرمدد کی جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پرقوم کے نام اپنے پیغام میں کیا ہے۔صدرعارف علوی نے کہا کہ اللہ تعالی نے اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزمایا،ہمیں بھی آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے ۔