علما کی اپیل پر ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس صحابہؓ واہلبیتؑ منایا گیا

111

اسلام آباد/ کراچی/ لاہور/ ملتان/ پشاور (صباح نیوز) تمام مکاتب فکر کے ممتاز علما کرام کی اپیل پر ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس صحابہؐ و اہلبیتؑ منایا گیا، مساجد کے ائمہ و
خطبا نے صحابہ کرامؓ، اہل بیت اطہارؑ، خلفا راشدینؓ، امہات المومنینؓ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی چاروں صاحبزادیوںؑ کے فضائل و مناقب اور کردار و خدمات پر روشنی ڈالی، ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطبا نے مقدس ہستیوں کی گستاخی کا سلسلہ روکنے کیلیے مؤثر قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا، ائمہ و خطبا نے کچھ عناصر کی طرف سے پریس کانفرنس کے ذریعے اعلانیہ مقدس ہستیوں کی توہین کو ملکی امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا اور بیرونی اشاروں پر فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی قرار دادیں منظور کی گئیں،تمام مکاتب فکر کے سرکردہ علما کرام بالخصوص مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا مفتی منیب الرحمن، مولانا ابتسام الٰہی ظہیر، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک سمیت دیگر اکابر کی اپیل پر ملک بھر میں جمعہ یوم تحفظ ناموس صحابہؓ و اہلبیت اطہارؑ کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر ائمہ و خطبا نے گورنر پنجاب سے تحفظ بنیاد اسلام بل پر فی الفور دستخط کرنے کا مطالبہ کیا اور ملک و ملت اور قومی وحدت کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ائمہ و خطبا نے مقدس ہستیوں کی توہین اور گستاخی کے عمل کو روکنے کیلیے مؤثر قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ پنجاب اسمبلی سے پاس کیے گئے تحفظ بنیاد اسلام بل پر گورنر پنجاب فی الفور دستخط کریں اور تکفیری اور گستاخ عناصر کے دباؤ میں نہ آئیں۔ ائمہ و خطبا نے تحفظ بنیاد اسلام بل کی مخالفت میں لاہور پریس کلب میں ہونے والی گستاخانہ پریس کانفرنس کو ملکی امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا، انہوں نے کہا کہ بیرونی اشارے پر پاکستان کو شام اور عراق بنانے کے خواب دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ اس موقع پر کراچی میں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا امداد اللہ، مولانا ڈاکٹر عادل خان، مولانا طلحہٰ رحمانی، اکوڑہ خٹک میں مولانا انوارالحق، ملتان میں مولانا محمد حنیف جالندھری، راولپنڈی میں مولانا قاضی عبدالرشید، اسلام آباد میں مولانا ظہور احمد علوی، مولانا نذیر فاروقی، لاہور میں مولانا فضل الرحیم، گوجرانوالہ میں مولانا زاہدالراشدی، مولانا گلزار قاسمی، پلندری میں مولانا سعید یوسف، پشاور میں مولانا حسین احمد، شجاع آباد میں مولانا زبیر احمد صدیقی، ایبٹ آباد میں مولانا حبیب الرحمن صدیقی، بنوں میں مولانا اصلاح الدین حقانی،کوئٹہ میں مولانا صلاح الدین، سکھر میں مولانا عبدالرشید اور ملک بھر کی دیگر مساجد میں ائمہ و خطبا نے حضرات صحابہ کرامؓ، اہل بیت اطہارؑ، امہات المومنینؓ، خلفائے راشدینؓ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بنات طاہراتؑ کے فضائل و مناقب اور کردار و خدمات پر روشنی ڈالی۔
اہل بیت