این آئی سی وی ڈی کے 18ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح

132

کراچی (نمائندہ جسارت)قومی ادارہ برائے امراضِ قلب(این آئی سی وی ڈی) نے حکومت سندھ کے اشتراک سے کیماڑی کراچی میں اپنے 18ویں چیسٹ پین یونٹ کا آغاز کر دیا ہے، جس کی بدولت مریضوں کو امراضِ قلب کی فوری طبّی امداد بالکل مفت فراہم کی جائیگی۔ پیپلز پارٹی کے ایم این اے عبدالقادر پٹیل نے جمعہ ، 31 جولائی کو این آئی سی وی ڈی کے18ویں چیسٹ پین یونٹ کا کراچی میں کیماڑی، نزد سینٹ جارج چرچ، نیپیئر مول روڈ پر افتتاح کیا۔اس موقع پر
این آئی سی وی ڈی کی مینجمنٹ اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ معزز مہمان خصوصی، عبدالقادر پٹیل نے افتتاحی تقریب کے دوران میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیماڑی کراچی میں چیسٹ پین یونٹ کا قیام اہل کراچی کے لیے ایک اور تحفہ ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹ مین این آئی سی وی ڈی سے منسلک ہوگا، دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کی فراہمی کے بعد این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جائیگا، جہاں پر جدید سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ این آئی سی وی ڈی نے دل کی صحت کے شعبے میں چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ایک نیا دور متعارف کرایا ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس کا منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس 24 گھنٹے امراضِ قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔ پی پی پی ایم این اے کا کہنا تھا کہ یہ چیسٹ پین یونٹس جدید طبّی سہولیا ت سے آراستہ ہیں اور ان چیسٹ پین یونٹس میں ابتدائی تشخیص کی سہولت بھی میسر ہے۔ دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کے بعد پرائمری انجیوپلاسٹی اور دیگر پروسیجرز کے لیے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت پورے صوبہ سندھ میں مزید چیسٹ پین یونٹس قائم کیے جائیں گے ۔ ان چیسٹ پین یونٹس سے 3 سال کے مختصر عرصے میں 4 لاکھ 8 ہزار 886 مریض مستفید ہوئے ہیں اور 9ہزار 327 دل کے دورے کے مریضوں کی زندگیاں بچائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ مریضوں کو انہی کے گھروں کے قریب امراضِ قلب کا جدید اور معیاری علاج بالکل مفت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور این آئی سی وی ڈی کا پورے صوبہ سندھ میں پھیلا ہوا سیٹ لائٹ سینٹرز اور چیسٹ پین یونٹس کا نیٹ ورک اس کا ثبوت ہے۔