وزیراعلیٰ پختونخوا کا جنگلات کی کٹائی کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

150

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جنگلات کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم نے ایک ایک درخت کی حفاظت کرنی ہے،جو بھی جنگلات کی کٹائی میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، کسی کیلیے کوئی رعایت نہیں ہوگی، محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگر قانون میں ترمیم کی ضرورت ہے تو کرلیں، قانون کے نفاذ میں کوئی مسئلہ ہے تو آگاہ کریں صوبائی حکومت بھر پورتعاون کرے گی مگر جنگلات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے ایک روزہ دورے کے دوران کمشنر ملاکنڈ کے دفتر میں جنگلات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو فارسٹ ملاکنڈ ریجن میں جنگلات کی کٹائی کو کسی بھی قیمت پر روکنے اور تمام فارسٹ چیک پوسٹوں پر پولیس اور فارسٹ کا مشترکہ عملہ تعینات اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ جس علاقے سے غیر قانونی لکڑی پکڑی گئی اس علاقے کے ڈی ایف او اور دیگر ذمے داران کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ایک طرف پودے لگائے جارہے ہیں تو دوسری طرف جنگلات کی کٹائی کے حوالے سے شکایا ت مل رہی ہیں۔