کشمیر ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،عمرفاروق

83

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر، جنرل سیکرٹری راشدمحمود، نائب صدورمحمدآصف عطا، محمد فاروق ،شیخ محمدذیشان ،فیصل خلیجی ، رانا رضا حسین ، چودھری فاروق احمدباجوہ اورسلطان ڈوگرنے کہا ہے کہ5اگست 2019 ء کے بھارتی اقدام کے بعد مودی مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلیے مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے اور بھارت سے ہزاروں کی تعداد میں آرایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں بسایا جارہا ہے،ان غنڈوں کو ہر طرح کا اسلحہ د ے کر فوجی بیرکوں میں رکھا گیا ہے،حالات بتا رہے ہیں کہ مسلمانوں کے خون کا پیاسا مودی وادی میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی نسل کشی کا گھنائونا کھیل کھیلنے والا ہے مگر ہمارے حکمران خواب غفلت سے بیدار ہونے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے جنگی جرائم کو مزید مہلت دینا کروڑوں لوگوں کو آگ میں جھونکنے کے مترادف ہے، کشمیری اپنی جانوں کے نذرانے پاکستان کی تکمیل بقا اور سلامتی کے لیے پیش کررہے ہیں،سیاسی محاذ،میڈیا کی سطح پر جدوجہد کی ضرورت ہے،72سال سے ہم کشمیر یوں کی وکالت اس انداز میں نہیں کرسکے جو حق تھا اس لیے کشمیریوں کو اپنی وکالت کرنے کا موقع دیا جائے تا کہ وہ عالمی سطح پر اپنا مقدمہ خود لڑسکیں،آزادکشمیر گلگت بلتستان اور مقبوضہ کشمیر کی قیادت پر مشتمل وفود عالم اسلام اور دیگر مغربی و یورپی ممالک میں بھجوائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیر کے سفیر بنیں گے مگر وہ وعدہ بھی پورا نہیں کرسکے،کشمیر کا مسئلہ ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر کشمیر کی آزادی کے لیے واضح دوٹوک لائحہ عمل کا اعلان کرے،پاکستانی عوام اور کشمیریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کرچکا ہے۔ آئندہ نسلوں کو محفوظ بنانا ہے تو کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کریں،ہم کشمیری مائوں بہنوں کی عظمت کوسلام پیش کرتے ہیں ان کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں آزادی کی تحریک کامیاب ہو گی۔ کشمیر کی آزادی کا مجھے اسی طرح یقین ہے جس طرح صبح کے سورج کے طلوع ہونے کاہے۔