پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا نے صوبے بھر کے عجائب گھروں سے گندھارا تہذیب کے قیمتی نوادرات کے بارے میں یونیسکو کو خط لکھ دیا، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ اپنے ماہرین کی ٹیم بھیج کر تحقیقات کرائیں کیونکہ اطلاعات یہی ہیں کہ یہاں سے جو نوادرات ہٹائے گئے ہیں ان کی جگہ جعلی نوادرات رکھے گئے ہیں۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور اور صوبائی انفارمیشن کمیٹی کے دیگر اراکین رحمت علی خان، تیمور باز خان، صلاح الدین مومند اور حامد طوفان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر آرکیالوجی اس وقت ملزم ہیں جن کے خلاف 2 ریفرنسز میں انکوائریاں چل رہی ہیں لیکن وہ ابھی بھی کرسی پر براجمان ہیں۔ ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد پر اربوں روپے کی کرپشن کا بھی الزام ہے، عبدالصمد نے خود اپنے لیے یہ عہدہ بنایا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔