بدعنوان نظام کو ختم کرنے کا وقت آن پہنچا، عبدالحق ہاشمی

101

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ ہماری منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب،مدینہ کے حقیقی ریاست کاقیام ہے ۔ بلوچستان کو دیانت دار قیادت ہی مسائل سے نجات دلاسکتی ہے جب تک بدعنوانی ختم ،امریکی غلامی سے نجات اور حقیقی مخلص عوام کا دکھ دردجاننے والے اقتدارمیں نہیں آئیں گے تبدیلی نہیں آسکتی ۔بلوچستان کو خوشحال جماعت اسلامی بناسکتی ہے۔بلوچستان اوران کے مسائل کو قومی میڈیا اور اقتدارپر قابض قومی جماعتوں نے یکسر نظراندازکر دیا ہے سانحہ 8اگست نے بلوچستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاکر قیمتی افراد کو ہم سے چھین لیا ۔4سال بعد بھی ہم اس غم کو نہیں بھلا سکے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے،سرمایہ دار چڑھتے سورج کے پجاری ہیں جو بار بار پارٹیاں بد ل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کر لیتے ہیں۔ جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان کرپٹ افراد کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی ہی جمہوریت کی بالادستی اورترقی کی ضامن ہے۔تمام ترقی یافتہ ممالک نے اسی راستے پر چلتے ہوئے دنیامیں اپنا لوہامنوایا۔ملکی حالات کی بے یقینی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں نے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پیچیدہ حالات کوسلجھانے کے لیے تمام سیاسی جماعتیںاپنامثبت کردار اداکریں۔ملک کی موجودہ سنگین صورتحال کے باعث پوری قوم اور بیرون ملک آباد پاکستانی بے انتہا پریشان ہیں پاکستان میں برسوں سے جاری کرپٹ نظام کو ختم کرنے کا وقت آن پہنچاہے۔مٹھی بھر اشرافیہ پورے ملک پرقابض ہے 73برس سے جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوام کو یرغمال بنایاہواہے۔انہوں نے کہاہے کہ ناقص حکومتی پالیسیوں کی بدولت غریب غریب تر اور امیر امیر ترہوتا چلاجارہاہے۔ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں اورمشیروں کو حاصل ہوتے ہیں ہماری منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے ،مدینہ منورہ کی اسلامی ریاست جس کا نمونہ ہے۔ عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے،سرمایہ دار چڑھتے سورج کے پجاری ہیں جو بار بار پارٹیاں بد ل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کر لیتے ہیں۔ جب تک ایوانوں پر ان کرپٹ افراد کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔