پشاور (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے غربت خاتمہ و معاشی تحفظ ڈویژن ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت قومی، سماجی و معاشی رجسٹری کے سرو ے کا آغاز ملاکنڈ سے کردیا گیا ہے جو31 دسمبر تک پورے صوبے میں مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ بٹ خیلہ میں اساتذہ و تکنیکی عملے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ گھر گھر جا کر کمپیوٹر ٹیب کے ذریعے شفاف طریقے سے کوائف لے کر لوگوںکے سماجی و اقتصادی حالات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ پسماندہ طبقے کو اوپر لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سماجی، معاشی رجسٹری میںکسی قسم کی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر نہ رکھتے ہوئے بلاتفریق اور بلا امتیاز سروے کا آغاز کردیا گیا ہے، قومی سماجی معاشی رجسٹری سروے میںجو ڈیٹا حاصل کیا جائے گا وہ محض معالی معاونت کے لیے نہیں بلکہ احساس پروگرام کے تحت چلنے والے تمام پروگرام کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوگا۔