بلدیہ عظمٰی کراچی سمیت صوبے بھر کی تمام منتخب کونسلیں 30 اگست کو معزول کردی جائیں گی ، روشن علی شیخ

347

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ کے سیکریٹری بلدیات و رہائش اور ٹاؤن پلاننگ روشن علی شیخ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر کے منتخب بلدیاتی کونسلوں کو 30 اگست کو ختم کردیا جائے گا اور ان کا نظام چلانے کے لیے ایڈمنسٹریٹرز کا تقرر کیا جائے گا ۔ پیر کو جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کونسلوں کی مدت میں توسیع کرنے پر نہ غور ہورہا ہے اور نہ ہی کی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے میئر کراچی وسیم اختر سے سوال کردیا کہ ” کب جان چھوڑوگے ” ایسی صورتحال میں کیسے ان کی مدت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ سیکریٹری بلدیات نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ تمام بلدیاتی کونسلوں پر نئی تقرریوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے لیکن یہ تاثر غلط ہے کہ مرحوم ملازمین کے بچوں کے اپائمنٹ پر بھی پابندی لگائی گئی ہے ۔ بلدیاتی کونسلیں مرحوم ملازمین کے بچوں کو بلاتاخیر ملازمتیں فراہم کرسکتی ہیں ۔ روشن شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں کے تعاون سے 35 بڑے نالوں کی صفائی کرائی جبکہ وفاقی اداروں نے صرف 3 نالوں کی صفائی کا کا کام کیا ۔