بھارتی فوج نے 3کشمیریوں کو پاکستانی قراردیکر شہید کردیا

85

سرینگر (آن لائن)بھارت نے معصوم کشمیری خاندان پر ظلم کی انتہا کر دی،پاکستانی ہونے کا جھوٹا اور من گھڑت الزام لگا کر 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سرو س کے مطابق شہید کشمیریوں کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ 18 سالہ ابرار کھٹانہ، 21 سالہ امتیاز احمد اور 25 سالہ ابرار احمد 16 جولائی کو کام کی تلاش میں سری نگر جانے کے لیے اپنے گھروں سے نکلے تھے، جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ قابض بھارتی فوج نے کہا تھا کہ 3 نوجوان 18 جولائی کو جھڑپ کے دوران مارے گئے ہیں۔ظالم قابض بھارتی فوج نے ان تینوں نوجوانوں کو قتل کرنے کے بعد خود ہی ان کی تدفین بھی کر دی تھی۔ بعد میں ان شہداء کی تصاویر سوشل میڈیا پر دیکھیں تو ان کے اہلِ خانہ کو علم ہوا کہ ان کے پیارے شہید کیے جا چکے ہیں۔تینوں شہید نوجوانوں کے اہلِ خانہ نے ثبوت کے طور پر شہداء کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب بھارتی میڈیا نے جھوٹ کی پیروی کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں جعلی مقابلے میں 3 نوجوان کو دہشت گرد قرار دیکر مار ڈالا ہے ۔علاوہ ازیں حریت رہنما شیخ عبد العزیز کے یوم شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں منگل کو مکمل ہڑتال رہی ۔ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی اس موقع پر تمام دفاتر ، کاروباری مراکز اور بینک بند رہے ۔ جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی مفلوج رہا۔شیخ عبد العزیز کو بھارتی فوجیوں نے11 اگست 2008 ء کو گولی مارکر شہید کردیا تھا ۔