تبدیلی کے دعویدار حکمران عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکے

64

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے امیرچودھری عبدالغفور ، جنرل سیکرٹری مختار علی نے کہاہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ مہنگائی میں پسے عوام پر ظلم ہے۔ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی کی مشکلات بڑھیں گی۔ تبدیلی کے دعویدار حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ کرکے عوام کی جبیوں پر ڈاکا مار رہی ہے اور یہ ناکام گورننس کی ایک بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت گزشتہ 2 سال گزرنے کے باوجود ابھی تک لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے اور اداروں میں استحکام پیدا نہیں کر سکی۔ حکومتی ادارے تباہ حالی کا شکار ہیں اور حکومت ڈاما ڈول ہے۔ تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں کی اب تک کی کارکردگی سے ثابت ہوچکا ہے۔ موجودہ نااہل حکمران طبقہ ملک چلانے کی صلاحیت اور ویژن سے عاری ہیں۔چودھری عبدالغفورنے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ بدترین حالات کو درست کرنے کیلیے ایسی قیادت کو آگے لایا جائے جو امانت و دیانت اور صلاحیت کے ساتھ عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہو۔ انہوں نے اس موقع پر قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قوم جماعت اسلامی کی جدوجہد میں اس کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی کی نڈر اور کرپشن سے پاک باصلاحیت قیادت ملک کو موجودہ بدترین بحرانوں اور مشکلات سے نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔