متحدہ عرب امارات جانے والے مسافر ائرپورٹس پر پھنس گئے

42

اسلام آباد (اے پی پی) قومی ائر لائن پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے
اپنے ملک آمد سے قبل آئی سی اے منظوری لینے کے عمل کو ختم کرنے کی وجہ سے پی آئی اے اور دیگر ائرلائنز کے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافر ائرپورٹس پر پھنس گئے ہیں، پی آئی اے اس الجھن کو ختم کرنے کیلیے ابوظہبی ائرپورٹ حکام سے اپنے کنٹری منیجرز کے ذریعے رابطے میں ہے، اگر مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو پاکستانی سفارتی ذرائع سے بھی مدد کی درخواست کی جائے گی۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے اپنے ملک آمد سے قبل آئی سی اے منظوری لینے کے عمل کو ختم کردیا گیا تھا تاہم جب پی کے 217 پشاور۔ ابوظہبی کے مسافر ائرپورٹس پہنچے تو چیک ان کے عمل کے دوران ویزے کی منظوری نہیں بھیجی گئی۔ پی آئی اے کی انتظامیہ نے ابوظہبی ائرپورٹ حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ آئی سی اے منظوری کو ختم کردیا گیا ہے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تاہم امیگریشن حکام نے پی آئی اے کو تنبیہ کی کہ اگر ایسے مسافر آئے تو انہیں ڈی پورٹ کرکے ائر لائن پر جرمانہ کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز پی آئی اے کے 59 مسافر پشاور سے ابو ظہبی کی پرواز پر نہ جاسکے اور ائرپورٹ پر ہی انتظار کر رہے ہیں جبکہ ایک نجی ائر لائن کے 83 مسافر گزشتہ روز اسلام آباد سے ابوظہبی کی پرواز سے اتارے گئے ہیں۔