کوئٹہ ،ہائی کورٹ کا دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار

292

کوئٹہ (نمائندہ جسارت)بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ کو فوری طلب کرلیا۔ کوئٹہ میں دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت چیف جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس حمید بلوچ پرمشتمل بینچ نے کی، سماعت کے موقع پر درخواست گزار جمیل آغا ایڈووکیٹ،نسیم حمید اور اسلم رند عدالت میں پیش ہوئے ، چیف جسٹس جمال مندوخیل کے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا سسٹم ختم ہورہاہے،عدالت نے چینی کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیا تھا،مگر چینی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا،ایسا نہ ہو کہ دودھ کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لینے پردودھ کی قیمت میں اضافہ ہوجائے،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ دودھ دہی کی قیمت کا تعین کرنا ضلعی انتظامیہ کا کام ہے،ہمارا نہیں،میڈیا اور سول سوسائٹی تین دن تک بائیکاٹ کریں تو دودھ کی قیمت خودبخود نیچے آجائے گی،عدالت نے دودھ دہی کی قیمت کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ کو فوری طلب کرلیا۔