بلوچستان، حادثات و واقعات میں 6 افراد جاں بحق

98

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں فائرنگ ، ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں چارافراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ناگ میں گاڑی الٹنے سے بیٹا جاں بحق جبکہ باپ زخمی ہوگیا ہے۔لیویز کے مطابق ناگ کے علاقے میں پنجگور سے قلات جانے والی گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور الطاف موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا والد عبدالقادر شدید زخمی ہوگیا جنہیں ناگ لیویز فورس کے اہلکاروں نے فوری طور پر ناگ اسپتال منتقل کردیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد عبدالقادر کو کوئٹہ ریفر کردیا گیا جبکہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔ بلوچستان کے علاقے سنجاوی میں گاڑی میں سوار مسلح افراد نے پرانا بائی پاس کے مقام پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔مقتول رحیم خان گھر سے بازار کی طرف جا رہا تھا۔ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔مقتول کی لاش مقامی سرکاری اسپتال منتقل کردی گئی۔ متعلقہ پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے مغربی بائی پاس پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو کے مطابق مغربی بائی پاس پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار منصور احمد جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔ واقعہ سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق دشت تیرہ میل میں گھریلو تنازع کی بناء پر فائرنگ سے بشیر احمد ولد فاضل جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ولان میں گہرے پانی میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے، لیویز نے لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کردیں۔اطلاعات کے مطابق سیاحتی مقام بولان میں میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کی گئیں، جاں بحق نوجوانوں کا تعلق ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان سے ہے جن انکی شناخت سید عبدلوارث اور سید دلاور کے نام سے ہوئی۔ جاں بحق افراد دوستوں کے ساتھ پکنک منانے بولان گئے تھے۔