ملک کی سب سے بڑی میڈیسن مارکیٹ سیوریج کے پانی میں ڈوب گئی

424

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میڈیسن مارکیٹ کی گلیوں سے بارش اور سیوریج کے پانی کی تاحال نکاسی نہیں ہوسکی ہے،ڈینسوہال پر واقع ملک کی سب سے بڑی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ کی گلیاں سیوریج کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

ڈینسو ہال کی عمارت کے عقبی راستے پر سیوریج کی لائن ڈالنے کے لیے کی جانے والی کھدائی بھی مارکیٹ کے دکانداروں اور گاہکوں کے لیے دردسر بنی ہوئی ہے۔میڈیسن مارکیٹ کی گلیوں سے بارش اور سیوریج کے پانی کی تاحال نکاسی نہیں ہوسکی ہے۔جس کے باعث میڈیسن مارکیٹ میں آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

اس مارکیٹ سے پورے سندھ اور بلوچستان کے شہروں کو بھی ادویات اور سرجیکل آئٹم سپلائی کیے جاتے ہیں مارکیٹ میں پھیلی گندگی اور آلودگی کی وجہ سے ادویات کا معیار بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دکانداروں کے مطابق میڈیسن مارکیٹ تک آنے والا مرکزی راستہ کئی ماہ سے ارباب اختیار کی توجہ کا منتظر ہے۔

ڈینسو ہال کی عمارت کی بحالی کے پروجیکٹ کے لیے اس راستے کو سیوریج کی لائن ڈالنے کے لیے کھودا گیا لیکن چار ماہ گزرنے کے باوجود یہ کام مکمل نہ ہوسکا اور اب یہ کھدی ہوئی سڑک موت کا گڑھا بن چکی ہے۔بارشوں کے دوران اس گڑھے نما سڑک میں کئی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں دھنس گئیں اور متعدد دکاندار اور گاہک بھی اس میں گر کر زخمی ہوچکے ہیں۔

دکانداروں کے مطابق میڈیسن مارکیٹ میں چلنا دوبھر ہے دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت کہیں اینٹیں اور کہیں لکڑی کے تختے اور کارٹن رکھ کر گزرنے کی جگہ بنائی ہے۔ گلیوں میں سیوریج کے پانی کی وجہ سے ادویات کی ترسیل بھی متاثر ہورہی ہے بڑی گاڑیوں کی آمدورفت محال ہے اور اب ہاتھ گاڑیوں کا چلنا بھی دشوار ہوچکا ہے۔