اسلامک فقہ اکیڈمی کے یوم تاسیس پر ذاکر نائیک اور علی گیلانی کا پیغام

70

کراچی (نمائندہ جسارت) دور حاضر کے مختلف چیلنجز سمیت مستقل ایشوز پر قرآن و سنت کی روشنی میں راہ نمائی کرنے والے ادارے اسلامک فقہ اکیڈمی نے اپنے قیام کے 12سال مکمل کر لیے ،اس کے یوم تاسیس پر عالم اسلام کی نمایاں شخصیات اور علما کرام نے تہنیتی پیغامات بھجوائے ہیں۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے پاکستان اور اسلام کی راہ میں
ادارے کی جدوجہد کے بارے میں جان کر بہت خوشی ہوئی دعا گو ہوں کہ مستقبل میں بھی اللہ کی راہ میں آپ کی جدوجہد اسی طرح جاری رہے۔ سید علی گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامک فقہ اکیڈمی وقیع اور ٹھوس خدمت منظم طور پر انجام دے رہی ہے،یوم تاسیس کے موقع پر میری طرف سے ہدیہ تبریک قبول فرمائیں اور کشمیری عوام سمیت دنیا کے تمام مظلوم و محکوم مسلمانوں کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔اسلامک فقہ اکیڈمی (بھارت)کے جنرل سیکرٹری خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے پیغام میں کہاکہ اسلامک فقہ اکیڈمی بھارت کا منہج بھی یہی ہے کہ اس میں تمام مسلک کے اہل علم شریک ہوتے ہیں ، برصغیر کے مسلمانوں نے تقسیم کا زخم برداشت کیااور بڑی قربانیاں دیں،یعنی پوری زندگی میں شریعت اسلامی کا نفاذ،امید ہے کہ اسلامک فقہ اکیڈمی اس مقصد کو تقویت پہنچائے گی۔