حیسکو کے خلاف مختلف علاقوں کے عوام سڑکوں پر نکل آئے

93

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآبادحیسکو کے خلاف مختلف علاقوں کے عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج ، ٹائر نذر آتش۔ شدید گرمی اور حبس کے عالم میں 12روز سے بجلی سے محروم رسالہ روڈ، کھوکھر محلہ کے عوام نے گول بلڈنگ کے سامنے ٹائروں کو نذرآتش کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔انہوںنے کہاکہ شدید گرمی اور حبس میں اعلانیہ وغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ
ٹرانسفارمر کی خرابی بھی حیسکو اہلکاروںکی بھتہ خوری کا بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ بوڑھے، خواتین اور بیمار افراد حیسکو کے ان ہتھکنڈوں سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔گول بلڈنگ رسالہ روڈ کے عوام 12 دن سے ٹرانسفارمرکی خرابی اور چوری کی وجہ سے بجلی سے محروم ہیں،کوئی پرسان حال نہیں ہے ، لطیف آباد نمبر6کے رہائشی افراد نے بھی احتجاج کیا جبکہ آٹو بھان روڈ لطیف آباد پر بھی بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ حیدرآباد کی معصوم شاہ کالونی کے رہائشی افراد نے بجلی کے ناجائز ڈیڈکیشن بلز کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر سلیم چندریگر ، شریف ، محسن، شعیب قریشی ودیگر نے کہاکہ 150گھروں پر دس سے پندرہ ہزار روپے کے ناجائز ڈیڈیکشن بل لگادیے ہیں جبکہ ہم بجلی کا بل ادا کرتے ہیں اس کے باوجود ہم پر یہ ظلم کیا گیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ حیسکو ایک ظالم ادارہ بن گیا ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ ہمارے بلوں سے ڈیڈکیشن ختم کرایاجائے ۔