کراچی،حیدر آباد کے مسائل کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے،آفاق احمد

87

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہاہے کہ جب ہم ٹیکس دے رہے ہیں اور ہم پر خرچ نہیں کیا جا رہا تو ہم صوبے کے مطالبے پر حق بجانب ہیں۔حیدرآباد میں حیسکو نے کے الیکٹرک کی طرح غنڈہ گردی مچائی ہوئی ہے جس کے خلاف قانونی چارجوئی کریں گے۔صوبائی اور بلدیاتی حکومت کی ناکامی پر کمیشن بنایاجائے وہ کوہسار حیدرآباد میں مہاجر قومی موومنٹ حیدرآباد کے زونل آگنائزر حنیف خان کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس
سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر حنیف خان ودیگر بھی موجود تھے۔ آفاق احمد نے کہاکہ ایک روزہ دورہ حیدرآبادتنظیمی معاملات کو بہتر بنانا تھا،کچھ تاجر تنظیموں سے ملاقات ہوئی کچھ ہم سے ملے جو صورتحال سامنے آئی، حیدرآباد کی صورتحال کراچی سے مختلف نہیں ،یہاں پر بھی کوڑے غلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔یہاں کے شہری بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔کراچی اور حیدرآباد میں سہولیات کے فقدان کی ذمہ دار ایم کیو ایم او رپیپلزپارٹی ہیں کیونکہ لوکل گورنمنٹ ایم کیو ایم اور سندھ حکومت پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ ڈیزاسٹر نہیں تھا بلکہ حکومتوں کی نااہلی تھی، صوبائی حکومت اور بلدیاتی حکومت کی نااہلی تھی ۔اگر اختیارات کی بات کرتے ہیں تو انہیں الگ ہو جانا چاہیے تھا۔انہوںنے کہاکہ صوبائی اور بلدیاتی حکومت کی ناکامی پر کمیشن بننا چاہیے جو ٹیکس وصول کیے جاتے ہیں وہ کہاں خرچ کیے گئے۔ کمیشن میں تعین کیا جائیانہوںنے کہاکہ سندھ حکومت کے 1 ہزار 2 سو 60 ارب کے بجٹ کے لئے ٹیکسز 99 فیصد کراچی سے جمع ہوتے ہیں، ٹیکس دینے کے باوجود شہری علاقے بری صورتحال سے دوچار ہیں، بدترین عصبیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ جب ہم ٹیکس دے رہے ہیں اور ہم پر خرچ نہیں کیا جا رہا تو ہم صوبے کے مطالبے پر حق بجانب ہیں