پارٹی کو مضبوط کرنے کیلیے راولپنڈی کا دورہ کروں گا، بلاول

109

راولپنڈی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی واحد سیاسی جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کو عزت دیتی ہے، پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مضبوط بنانے کیلیے میں خود راولپنڈی کے مختلف حلقوں کا دورہ کروں گا اور کارکنوں سے رابطہ کیا جائے گا، مہنگائی کی موجودہ صورتحال پر عوامی احتجاجی مہم شروع کی جائے گی، کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں تمام کارکنوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی ضلعی صدر سمیرا گل کی طرف سے’’معرکہ پنڈی‘‘ الیکشن 2018ء پیش کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کا ساتھ دیا اور دیتی رہے گی، ہمارا عزم غیر متزلزل اور حوصلے بلند ہیں۔ پارلیمان کی مضبوطی اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔