لائسنس معطلی: عدالت نے سی اے اے کو کارروائی سے روک دیا

47

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے کے 2 مزید پائلٹس کی لائسنس معطلی کیخلاف دائر درخواست پر ڈی جی سول ایوی ایشن کو حتمی کارروائی سے روک دیا، عدالت نے ہدایت کی کہ تمام کیسز کو یکجا کرکے سماعت کیلیے لگایا جائے، عدالت نے ڈی جی سول ایوی ایشن سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے پائلٹ شیخ عمر اسلام اور عثمان اسلم کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر عدالت عظمیٰ میں کیس زیر سماعت ہونے کا علم ہوا تو درخواست خارج کردیں گے، جعلی ڈگری والے لائسنس کا معاملہ نہ لایا جائے، صرف امتحانات نہ دینے پر معطل ہونے والے لائسنس کے کیسز کی شنوائی ہوگی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مؤقف سنے بغیر ڈی جی سول ایوی ایشن نے لائسنس معطل کردیا، ڈی جی سول ایوی ایشن کو اپنے ہی فیصلے کیخلاف اپیل کی سماعت کا اختیار دینا خلاف آئین ہے اسے کالعدم کیا جائے جبکہ درخواست کے حتمی فیصلے تک لائسنس معطلی کے حکم پر عملدرآمد بھی روکا جائے۔