ملک بھیانک دور سے گزر رہا ہے ،حکومت سے نجات ناگزیر ہوگئی،اپوزیشن

50

اسلام آباد(آن لائن )اپوزیشن جماعتوں نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک بھیانک دور سے گزر رہا ہے اور اس حکومت سے جتنا جلدی ہوسکے چھٹکارا پانا ضروری ہے اور ہم اپنا فرض ادا کرنے کے لیے متحد ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویزاشرف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو دھوکا دینے کی باتیں ہورہی ہیں جو کو کھڑے ہو کر نہیں سن سکتے تھے۔ اگر صدر مملکت جو پورے پاکستان کا صدر ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن کی طرح ہاں میں ہاں ملانی ہے تو پھر یہ صدر مملکت کا خطاب نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے کسی کارکن کا خطاب ہوسکتا ہے جس میں ایک بات حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی خارجہ
پالیسی کہاں کھڑی ہے، پاکستان دنیا میں تنہائی کا شکار ہے، شاید پہلی دفعہ ہوا ہے کہ حکومت اور بیوروکریسی، حکومت اور عوام، حکومت اور کاروباری حضرات دو مختلف علاقوں میں کھڑے ہیں جہاں ان کا ایک دوسرے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جدوجہد جاری رکھیں گے، عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری بات عوام کی بات ہے۔اپوزیشن کے اتحاد پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پہلے بھی متحد تھی اور اب بھی متحد ہے اور اس نکتے پر متحد ہے کہ عمران خان اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے ہیں۔راجا پرویز اشرف نے ایک سوال پر کہا کہ اے پی سی پر کوئی ابہام نہیں ہے اور بھرپور اے پی سی ہوگی، رہبر کمیٹی وقت اورمقام سمیت تمام معاملات طے کریگی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ 2 سال میں صرف ملک میں تباہی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مذاق کے علاوہ ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ملک کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، خواجہ آصف نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن عاشور کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی پر ماتم کے سوا کچھ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت عہدے کا آئینی جواز کھو بیٹھے ہیں۔