حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)میڈ یکل سپرنٹنڈنٹ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد ،جا مشورو ڈاکٹر سید زوار حسین شاہ کاظمی نے یکم محرم الحرام سے13محرم الحرام تک سول اسپتال حیدرآباد و جامشورومیں فوری طور پر ایمر جنسی نا فذ کر کے اسپتا ل کے ڈ اکٹرز ، پیر ا میڈ یکل اور نر سنگ اسٹا ف سمیت اور دیگر ملازمین کی ہفتہ وار سمیت تمام چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔یہ بات انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے افسران کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے بتائی۔اجلاس میں اے ایم ایس جنرل ڈ اکٹر سیدنذیر حیدرشاہ ،اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر معراج محمد خان ، اے ایم ایس ڈاکٹر عبدالحلیم تھیبو،اے ایم ایس پیرا میڈیکل ڈاکٹر علی اصغر سومرو ،اے ایم ایس جنرل جامشورو ڈاکٹر مظہر حسین چن ، سینئر آر ایم او جنرل ڈاکٹر نعیم احمد میمن اورپروفیسرز ،کنسلٹنٹس اور دیگر اسپتال انتظامی افسران سمیت ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7سے 10محرم الحرام کے دوران کسی بھی ایمرجنسی کے پیش نظر شعبہ حادثات (لا ل بتی) اور ایمر جنسی آپر یشن تھیٹر میں ہر قسم کی ادویا ت اور آپر یشن میں استعمال ہو نے والے جراحی کے سامان و ادویات میں اضافہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے ایک سرکیولرکے ذریعے اسپتا ل کے تمام وارڈو شعبہ جات کے انچارجز کو بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیںکہ وہ شعبہ حادثات اور ایمر جنسی آپر یشن تھیٹر میں تمام ضروری سامان کی موجود گی کو یقینی بنائیں اور 24 گھنٹے ڈیوٹیوں پر الرٹ رہنے کو ترجیح دیں۔ اجلاس میں حیدرآباد وجامشورو اسپتال انتظامیہ کے سینئر افسران پر مشتمل دو ویجیلنس کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں سول اسپتال حیدرآباد کیلیے اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر نذیر حیدر شاہ کی سربراہی میں جبکہ جامشورو اسپتال کیلیے اے ایم ایس جنرل ڈاکٹرمظہر حسین چن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور یہ کمیٹیاں وقتاً فوقتاً اسپتال میں مختلف وارڈ اور شعبہ جات کے دورے کریں گی اور ادویات سمیت جراحی کے سامان کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرزو پیرامیڈیکل اور نرسنگ اسٹاف کو چیک کرکے کارکردگی کا جائزہ لیتی رہیں گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈ اکٹر سید زوار حسین شاہ کاظمی نے بتایاکہ ماتمی جلوسوں کے روٹ سمیت حساس مقامات پر ایمولینسز ، پیرامیڈیکل اسٹاف، جراحی کے سامان ، ڈریسنگ ایمرجنسی ادویات کے ساتھ الرٹ رہیں گی جبکہ ہم حیدرآباد ضلعی انتظامیہ سمیت عزا دار تنظیموں کے رہنمائوں اور ماتمی جلوسوں کے منتظمین کیساتھ مکمل رابطے میں رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران میں خود سول اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے دورے کرتا رہوں گا جبکہ ویجیلنس کمیٹیوں کے سربراہان وقتاً فوقتاً مجھے ایمرجنسی کی صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے اور یکم محر م الحر ام سے 13، محر م الحر ام تک حیدرآباداور جامشورو کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ رہے گی۔