ملکی دفاع کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،محمد یوسف

117

نواب شاہ(پ ر) بختاور کیڈٹ کالج فارگرلز نواب شاہ کے پرنسپل شیخ محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے دفاع ،استحکام اور تعمیروترقی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے یہ بات جشن آزادی کے موقع پر کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔جشن آزادی کی تقریب میں کورونا وبا کے باعث تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے باوجود کالج کے اساتذہ ،انتظامیہ،طالبات اور والدین نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ بڑی تعداد میںشرکت کی۔ تقریب کا آغاز صبح آزادی مارچ سے کیا گیا۔قومی پرچم اٹھائے مارچ کے شرکا پاکستان زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے پرجوش نعرے لگاتے رہے۔پرنسپل شیخ محمد یوسف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر اکابرین کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے بڑی جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد عظیم ملک پاکستان کو حاصل کیا۔اب اس ملک کی تعمیر و ترقی ہمارے فرائض میں شامل ہیں۔ طلبہ اس ملک کا مستقبل ہیں اور وہی کل عملی زندگی کے مختلف شعبوں کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے۔انہوں نے کہا کہ بختاور کیڈٹ کالج فار گرلز نواب شاہ کی کیڈٹس ملکی استحکام، تعمیر و ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کی خاطر پرعزم ہیں۔انہوں نے طالبات کو قائداعظم محمد علی جناح کے اصول اتحاد ،ایمان اورتنظیم پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔تقریب میں آن لائن کوئز مقابلوں کے منفرد ایونٹ بھی منعقد کیے گئیجسے والدین نے بے حد سراہا جبکہ پرنسپل شیخ محمد یوسف نے گرین پاکستان کے منصوبے کے تحت کالج کی چھوٹی سی جھیل گل مہر کے کنارے پودا بھی لگایا۔تقریب میں مقابلے جیتنے والی طالبات کو انعامات سے نواز اگیا۔تقریب کے آخر میں کیک کاٹا گیا جبکہ شرکا کے لیے ظہرانے کا بھی انتظام تھا۔