عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جرائم کیخلاف آواز اٹھائے ،پاکستان

79

نیویارک(آئی این پی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار رہا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے 70ہزارسے زیادہ قیمتی جانوں کی قربانیاں دیں ، اربوں ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کیا، بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ لوگوں پر بد ترین ریاستی دہشت گردی کاارتکاب کیا،بھارتی فورسز نے ظلم سے ایک لاکھ سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کیا، 22ہزارخواتین کی عصمت دری کی ،قابض بھارتی فورسس نے انسانیت سوز مظالم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں خواتین کوبیوہ اور لاکھوں بچوں شہید کرنے کا ارتکاب کیا،دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ 5اگست 2019سے 8لاکھ کشمیری بھارتی فورسز کے محاصرے میں ہیںسیاسی رہنمائوں کو قید کردیا گیا ہے،13ہزار کشمیری نوجوانوں کو اغوا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے،پرامن مظاہرین کو بے دردی سے دبا دیا گیا، مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ شہریوں کو حق خودارادیت کے لئے آواز بلند کرنے پر اجتماعی سزائیں دی گئیں اور ماورائے عدالت مقابلوں میں مارا گیا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ پوری دنیا میں یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتا ہے ۔