صحت انصاف کارڈ انقلابی منصوبہ ہے، محمود خان

190

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صحت انصاف کارڈ اسکیم کو صوبے کی عوام کو علاج معالجے کی مفت اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت کا منفرد، انقلابی اور عوام دوست منصوبہ ہے ، یہ منصوبہ پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لیے اہم پیش رفت اور صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم صوبے میں محدود پیمانے پر شروع کی گئی تھی اب اسے صوبے کی 100 فیصد آبادی تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر سالانہ 18ارب روپے کی تخمینہ لاگت آئیگی۔ اپنے ایک بیان میں محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے کیا گیا ایک اور اہم وعدہ پورا کرلیا ، جس سے نہ صرف صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی مفت اور معیاری سہولیات دستیاب ہونگی بلکہ صوبے کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے، غربت کے خاتمے اور سرکاری اسپتالوں کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ موجودہ مشکل مالی صورتحال میں صحت انصاف کارڈ اسکیم کی صوبے کی تمام آبادی تک توسیع اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔
محمود خان