عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی حکومتی اصلاحات کے اہم ہدف ہیں،مشیر خزانہ

138

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی فلاح بہبود اورترقی حکومتی اصلاحات کے پروگرام کا اہم مقصد اورہدف ہے،ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری ہے، اسٹیٹ بینک،ایس ای سی پی اورمسابقتی کمیشن آزادانہ طورپرکام کررہے ہیں،اصلاحات کے پروگرام کا ایک اورعنصرادارہ جاتی اصلاحات کے عمل میں نجی شعبے کوشامل کرناہے، ملکی تاریخ میں یہ منفرد موقع ہے کہ ایک ایسا لیڈر موجود ہے جو میرٹ پرکام کررہا ہے۔یہ بات انہوں نے کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے زیراہتمام حقیقت پسندانہ اصلاحات کے ذریعے اقتصادی استحکام کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔علاوہ ازیںکابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو ابتدائی طور پر 2 لاکھ ٹن گندم کی درآمد پر آرڈر جاری کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو ابتدائی طور پر 2 لاکھ ٹن گندم کی درآمد پر آرڈر جاری کرنے کی اجازت دیدی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نجی شعبے کی جانب سے 5 لاکھ ٹن گندم کی درآمد شروع ہو چکی ہے اور پہلا جہاز 26 اگست کو پاکستان پہنچ جائے گا جس سے ملک میں گندم کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ اجلاس میں نجی شعبے کی جانب سے چینی کی درآمد پر عاید محصولات کی شرح میں کمی لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ دوسری جانب کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے اوجی ڈی سی ایل میں عوامی پیشکش کے ذریعے 7 فیصد تک حکومتی حصص کی فروخت کی منظوری دیتے ہوئے اس ضمن میں مالیاتی مشیرکے تقرر کاعمل شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔اجلاس جمعہ کو وزیر اعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں اوجی ڈی سی ایل میں عوامی پیشکش کے ذریعے 7 فیصد تک حکومتی حصص کی فروخت کی منظوری دی گئی اوراس ضمن میں مالیاتی مشیرکے تقرر کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔