آل پارٹیز کانفرنس محرم الحرام کے بعد ہوگی‘ آفتاب شیر پائو

136

پشاور(صباح نیوز)قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے بعد اپوزیشن کی اے پی سی ہو گی جس میں ن لیگ اورپیپلز پارٹی شریک ہوں گی۔ان خیالات کاظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ میری ملاقات ہوئی ہے اور ہم ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ میر بزنجو کی موت کے باعث اے پی سی کو محرم کے بعد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کے ساتھ ایک پیج پر ہونا چاہیے،2 سال میں11 ہزار ارب کے قرضے لیے ہیں، ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی کر رکھا ہے، مہنگائی کی شرح 18 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ پشاور میں چینی کی قیمت 115 روپے فی کلو ہوگئی، آٹے کی قلت اور 20کلو کا تھیلا 1300روپے تک پہنچ گیا، عمران خان کے وعدے صرف کنٹینر تک تھے۔کپتان نیازی نے ایک کروڑ نوکریوں کے بجائے 70 لاکھ لوگوں کوبے روزگار کیا ہے،اب حکومت کو جانا ہے، نئے انتخابات کرانے ہیں تاکہ شفاف قیادت سامنے آ سکے۔