حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) بارش کو 3ر روز گزر جانے کے باوجود شہر کے بیشتر علاقوں سے برساتی اور سیوریج کے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی،شہری شدید اذیت سے دوچار، کاروبار تباہ ہوگیا۔ بارش کو3روز گزر گئے اس کے باوجود مکی شاہ، ریلوے کالونی، ریلوے اسٹیشن، حالی روڈ، مکرانی پاڑہ، لطیف آباد یونٹ نمبر12 کے سب سے بڑے بازار، تعلقہ سٹی کے متعدد علاقوں لیاقت کالونی، سخی پیر روڈ، نورانی بستی، اسلام آباد، پھلیلی میں تاحال برسات اور پہلے سے خراب سیوریج نظام کے باعث سیوریج کا پانی جمع ہے۔لطیف آباد یونٹ نمبر12کے دکانداروں اور ٹھیلا لگانے والوںنے انتظامیہ کی ناابلی کے خلاف سخت احتجاج کیا ۔مظاہرین نے کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر بلدیہ کو ٹیکس دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود معمولی بارش کے بعد کئی کئی دن تک روز گار بند رہتا ہے، نالے اور فلو کا شکار ہیں جبکہ سڑکوں پر جمع پانی اور گندگی سے شدید تعفن پھیل رہا ہے کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ میئر حیدرآباد کچھ دیر کے لیے ائر کنڈیشن کمروں سے نکل کر علاقوںکا دورہ کریں ۔