پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

567

او جی ڈی سی ایل نے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے۔تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (OGDCL) نے خیبر پختون خوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 9 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس مل سکے گی،جب کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 125 بیرل تیل حاصل کیا گیا ہے۔

یہ کوہاٹ بلاک میں تیل و گیس دریافت کرنے کے سلسلے کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ توغ بالا کنواں نمبر1 کی کامیابی ایکسپلوریشن کی شان دار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

نئی دریافت سے ملکی زر مبادلہ میں خاطر خواہ بچت جب کہ او جی ڈی سی ایل کے تیل و گیس کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 27 اگست کو او جی ڈی سی ایل نے کہا تھا کہ کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جانچ میں کنوئیں سے یومیہ 1 کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس اور 240 بیرل یومیہ خام تیل کے ذخائر ملے، ستمبر کے مہینے میں بھی کوہاٹ میں وارگل فیلڈ سے یومیہ 76 بیرل تیل اور 5 لاکھ ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے ذخائر ملے تھے۔

رواں سال 17 جولائی کو بھی ماڑی پٹرولیم نے سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گیس کے ذخائر دریافت کیے تھے، ان ذخائر سے 11 ملین مکعب فٹ روزانہ گیس دستیاب ہو سکے گی، ماڑی پٹرولیم کی اس علاقے میں یہ مسلسل پانچویں کامیابی تھی، منصوبے پر 60 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔