شادی لارج، طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، درخت اکھڑ گئے

82

شادی لارج (نمائندہ جسارت) طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، درخت زمین سے اکھڑ گئے، نشیبی علاقے زیر آب، فصلوں کو نقصان، ایل بی او ڈی سیم نالے کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی۔ گزشتہ روز تین بجے شروع ہونے والی طوفانی بارش نے تباہی مچادی۔ تیز ہوا اور بارش کے باعث سائن بورڈ، درخت اور کچے گھر گئے، نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے جس سے گائوں دیہات کا رابطہ شہر سے منقطع ہوگیا۔ بارش کے باعث مرچ، ٹماٹر اور کپاس کی فصل کو بھی سخت نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب شادی لارج سے گزرنے والے ایشیا کے سب سے بڑے سیم نالے ایل بی او ڈی میں پانی کی سطح بلند ہوچکی ہے جس سے ایل بی او ڈی سیم نالے میں درجنوں مقامات پر شگاف پڑنے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب ایل بی او ڈی پر کئی پل بھی خستہ حالی کا شکار ہیں، کئی پل پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوکر رہ گیا، بجلی کے پول بھی گر گئے۔ شادی لارج، کھوسکی میں 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔