حیدرآباد ،لیاقت کالونی کے مکینوں کا حیسکو کیخلاف احتجاج

121

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو کی نااہلی کے سبب نیشنل ہائی وے پر ٹائر جلاکر روڈ بلاک، مظاہرین کی اے سی حیسکو اور ایس ڈی او کیخلاف شدید نعرے بازی۔ حیدر آباد حیسکو لیاقت کالونی سب ڈویژن کے علاقہ لالو لاشاری کے رہائشی خواتین مرد اور بچوں نے پیر کی صبح نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریکوں پر ٹائر جلاکر روڈ بلاک کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی دنوں سے ہمارے علاقے کے 3 ٹرانسفارمرز جلے ہوئے ہیں جو کہ تبدیل نہیں ہورہے، ہمارے گھروں میں پینے کا پانی بھی ختم ہوگیا لیکن نہ ایس ڈی او لیاقت کالونی ہماری بات تک سننے کو تیار نہیں ہیں، نہ اے سی منظور سومرو ہماری سن رہے ہیں، مجبوراً آج ہمیں اپنی خواتین کے ساتھ سڑکوں پر نکلنا پڑا۔ مظاہرین نے حیسکو کیخلاف شدید نعرے بازی کی، نیشنل ہائی وے پر احتجاج کے سبب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے کہا کہ حیسکو کے ایل ایس ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے کے پیسے طلب کررہے ہیں، جبکہ بجلی کی فراہمی حیسکو کی ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر بجلی بحال کی جائے، شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بجلی کا تعطل برقرار، ایوب کالونی میں چھے روز بعد بھی ٹرانسفارمر نہیں لگ سکا، جس کے لیے حیسکو نے پچاس ہزار روپے طلب کیے ہیں۔ لطیف آباد نمبر 5 میں معمولی خرابی پر گزشتہ روز دوپہر تین بجے بند ہونے والی بجلی 14 گھنٹے بعد بحال کی گئی۔ امید علی سب ڈویژن کے افسران واہلکار خودسر ہوگئے، بجلی کی خرابی کے بعد دفتر بند کرکے غائب ہوگئے۔