اسلام آباد (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غیر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں جس میں بھارتی حکومت نے بدترین لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو ایوان صدر میں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی صدر گیبریلا کوئیوس بیرن سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدرعارف علوی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے بے گناہ لوگوں پر دہشت گردی کا راج مسلط کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی پی یو بھارتی مقبوضہ
جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ علاوہ ازیں بین الپارلیمانی یونین کی صدر نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے بھی ملاقات کی جس میں رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔