وزیر اعلیٰ کا قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نشستوں میں اضافے کا مطالبہ

88

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت صوبائی حکومت میںشامل سیاسی جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے منعقدہ اہم اجلاس میں قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نشستوں میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اجلاس میں حکومتی
جماعتوںبلوچستان عوامی پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، بی این پی عوامی اور جمہوری وطن پارٹی کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی،اجلاس میں بلوچستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ جس طرح سینیٹ میں بلوچستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کی تحریک پیش کرکے منظور کی گئی اسی طرح قومی اسمبلی میں بھی بلوچستان کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے طے کیا گیا کہ قومی اسمبلی میں صوبے کی نشستوں میں اضافے کی قراردار صوبائی اسمبلی میں پیش کی جائے گی اور صوبائی اسمبلی میںاپوزیشن کو بھی قومی اسمبلی میں نشستوں میں اضافے کی کوششوں میں اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ،صوبائی حکومت کے مؤقف کی حمایت کے حصول کے لیے ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے جبکہ قومی اور صوبائی سطح پر صوبے کی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کا رقبہ ملک کے کل رقبہ کا 44فیصد ہے جو اپنے جغرافیائی محل وقوع اور قدرتی وسائل کے حوالے سے ملک کا اہم صوبہ ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کی ایک اہم وجہ قومی اسمبلی میں محدود نمائندگی ہے، صوبے کی وفاقی سطح پر مؤثر نمائندگی ضروری ہے جو صوبے کے مسائل کو بھرپور طور پر اجاگر کرسکے۔ وزیراعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل اور پسماندگی کا خاتمہ قومی اسمبلی میں صوبے کی نشستوں میں اضافے کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔