بدعنوان عناصر کو گرفتار کرنے کیلیے پرعزم ہیں‘چیئرمین نیب

86

اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہبدعنوان عناصر کو گرفتار کرنے کے لیے پرعزم ہیں، نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان سے معصوم شہریوں سے لوٹی گئی رقوم کی وصولی کے لیے اپنی کوششیں تیزکریں۔نیب اعلامیے کے مطابق انہوں نے کہا کہ نیب افسران بدعنوانی کے خاتمے کو اپنا قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں،نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، نیب افسران کی محنت، عزم، حوصلے اور میرٹ کو معتبر عالمی و قومی ادارے وقتاً فوقتاً سراہتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جو کہ 2انویسٹی گیشن آفسیر، ایک لیگل کنسلٹنٹ، مالیاتی ماہر، فرانزک ماہر پر مشتمل ہے جو کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر/کیس آفیسر اور متعلقہ ڈائریکٹر کی سربراہی میں کام کرتی ہے تاکہ انکوائری اور انویسٹی گیشن میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب سارک کے اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے۔ نیب کے احتساب عدالتوں میں مقدمات میں سزا کی شرح 68.8 فیصد ہے۔ نیب آرڈیننس 1999ء کے سرورق پر لوٹی گئی رقم کی وصولی پر زور دیا گیا ہے ۔ اس وجہ سے نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 466 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کر قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔