یوٹیلیٹی اسٹور پرروزمرہ اشیا کی سستی فراہمی یقینی بنائی جائے،مولاناعبدالحق

76

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت چینی، دالیں، گھی، آٹا، دودھ، دہی، مصالحہ جات سمیت خوردنی اشیا کی قیمتوں میں خصوصی کمی کا اعلان کرتے ہوئے غریب، متوسط وکم آمدنی والوں کو خصوصی پیکیج دے، یوٹیلیٹی اسٹور پر ان اشیا کی کم قیمتوں پر فراہمی یقینی بنائیں۔ بدترین مہنگائی نے متوسط وکم آمدنی والوں کا جینا حرام کردیا ہے، وزیر اعظم اب اعلانات کے بجائے عملی اقدامات اُٹھائیں اگر غریب وکم آمدنی والوں کی آہ وبکا نہ سنی گئی تو غربا ومساکین کی بدعائیں اس حکومت کو بہاکر لے جائیں گی۔ حکومتی سطح پر سادگی اپنائی گئی اور نہ ہی بدعنوانی میں کمی کی گئی، جس کی وجہ سے عوام کو اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی قوم بالخصوص بلوچستان کے عوام کو مسائل کے گرداب اور بدعنوان عناصر کے مظالم ولوٹ مار سے بچاسکتی ہے۔ بلوچستان وسائل سے مالامال مگر نہ وفاق کو صوبے کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی ہے اور نہ صوبے کے منتخب حکومتوں ونمائندوں کو عوام کی فکر ہے۔ ہر طرف لوٹ مار جاری ہے۔ کورونا، لوڈشیڈنگ، ٹڈی دل نے بلوچستان کی زراعت ومعیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ ہمارے پیش نظر اللہ کی رضا وخوشنودی، عوام کو مسائل سے نجات اور اسلامی حکومت کا قیام ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہر مشکل وقت میں صرف جماعت اسلامی نے قوم کا ساتھ دے کر دیانت واخلاص اور نیک نیتی کے ساتھ بہترین کام کرکے پریشان حال عوام کی مشکلات میں کمی کردی ہیں۔ میدان میں جماعت اسلامی موجود ہیں، جماعت اسلامی ہی ملک وملت کو تباہی وبربادی اورناانصافی وکرپشن سے بچاسکتی ہے۔ ملک میں حقیقی اسلامی حکومت اور ملک کے آئین پر عملدرآمد سے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ الیکشن میں وعدے کرنے والے آج اسمبلیوں میں وعدوں کے برخلاف کام کررہے ہیں، قوم کو بھاری سودی قرضوں میں جکڑ کر ملک کے سیاہ وسفید کا مالک بین الاقوامی مالیاتی سودی اداروں کو بناد یا، جو دراصل اسلام وپاکستان مخالف یہود و نصاریٰ کے جال ہیں، جس میں وہ حکومت کو پھنسا کر معیشت پر قبضہ کرکے ملک وملت کو تباہ کررہے ہیں۔ سودی معیشت، بھاری قرضوں کی وجہ سے عوام کی حالت بدلنے کے بجائے خراب تر ہورہی ہے۔ نئے حکمرانوں نے قوم کے خزانوں کو آئی ایم ایف کے حوالے کرکے قوم کو مستقل جال میں پھنسادیا ہے، جس سے نکلنا بہت ضروری ہے بصورت دیگر تباہی وبربادی ہوگی قوضوں، سودی معیشت، بدعنوانی سے نجات اور اسلامی حکومت میں ہی قوم کی فلاح وترقی ہے، جماعت اسلامی اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔