الخدمت فائونڈیشن کاکفالت پروگرام قابل تقلید ہے،اورنگزیب بادینی

92

کوئٹہ(وقائع نگارخصوصی)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر (ر)میر اورنگزیب بادینی نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن کا یتیموں کی کفالت پروگرام قابل تقلید اور انسانیت بچانے کا پروگرام ہے یتیموں کی کفالت ،ان کو زیورتعلیم سے آراستہ اور ان کو معاشرتی اخلاقی برائیوں سے بچانے کیلیے تعلیم وتربیت دینا دنیا وآخرت کا بہترین کام ہے اس اہم دینی فریضہ کی ادائیگی پر ہم الخدمت فائونڈیشن کو سلام پیش کرتے ہیں اور سماجی فلاحی تنظیموں سمیت حکومتی اداروں کو بھی اس قسم کے بہترین پروجیکٹس میں الخدمت کا ساتھ دینا چاہیے ۔یتیم بچوں کو یہ احساس دلایاگیا ہے کہ وہ تعلیم حاصل کرکے معاشرے کا بہترین کامیاب فردبن سکتے ہیں یہ سب الخدمت فائونڈیشن اللہ کی رضاوخوشنودی کیلیے کر رہے ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے الخدمت فائونڈیشن کفالت یتاما پروجیکٹ کے تحت یتیم بچوں کیلیے فن مصوری اورمضمون نویسی کے مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معززمہمانان یتیم بچوں کی فن مصوری ومضمون نویسی دیکھنے ان میں گل مل گے جس کو یتیم بچوں اور ان کے سرپرستوں نے سراہتے ہوئے خوشی کا اظہارکیا۔تقریب میں یتیم بچوں کے سرپرستوں سمیت ،سماجی سیاسی شخصیات ،اعلیٰ سرکاری آٖفیسرز،خواتین وبچوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افرادنے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔ہونہار یتیم بچوں کی تقریب سے الخدمت فائونڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد، ایڈیشنل کمشنرکوئٹہ نداکاظمی ،الخدمت فائونڈیشن آرفن پاکستان کے ڈائریکٹرعبدالجباراور سیکرٹری سوشل ویلفیئرعبدالرئوف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی بے راہ روی ،ناخواندگی ،معاشرتی برائیوں سے یتیم بچوں کو بچاکر تعلیم وتربیت اور کامیابی کے راستے پر ڈالنے انسانیت کی بہترین خدمت ہے اس سے معاشرے سنورتے ،دینی تعلیمی معاشرہ بن سکتا ہے اصلاح معاشرہ کیلیے بچوں بالخصوص یتیم بچوں کی پرورش ،ان کی کفالت ،تعلیم وتربیت پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ہمارے معاشرے میں صرف یتیم بچے نہیں غریب خاندان کے بچے بھی بے راہ روی ،جہالت ومعاشرتی برائیوں کا شکار ہوکر تباہ وبربادہوجاتے ہیں اگر کوئی ادارہ ،سماجی فلاحی تنظیم ان بچوں کی تعلیم وتربیت پر توجہ دے تو یہ بھی معاشرے کی بہت بڑی خدمت ہوگی ۔الخدمت فائونڈیشن کی خدمات قابل تقلید قابل تعریف اور قوم کو سنوارنے ،معاشرے کی اصلاح تعلیم وترقی کی خدمات ہیں اس حوالے سے الخدمت کی جتنی بھی تعریف کی جائیں کم ہیں ۔دیگر فلاحی سماجی تنظیموں کو الخدمت کا ساتھ دینا چاہیے تاکہ ان کے کام میں وسعت بہتری آجائے ۔مخیر حضرات ،فلاحی سماجی تنظیموں اور حکومتی اداروں کو انسانیت بچانے کی جنگ میں الخدمت فائونڈیشن کا ساتھ دینا چاہیے ۔