عمران خان کو نواز شریف کے ہاتھ سے نکل جانے کا دکھ ہے، شیخ رشید

91

راولپنڈی (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کو این آر او جس نے بھی دیا تھا ان کو سمجھ ہے لیکن عمران خان کوبڑا دکھ ہے کہ وہ ان کے ہاتھ سے نکل گیا‘ نواز شریف کو واپس لانے کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے کے ساتھ ہوں‘ برطانیہ کے ساتھ ابھی تک ہمارا قیدیوں کی واپسی کا کوئی معاہدہ نہیں‘ ابھی تک ہمیں قانونی برتری حاصل نہیں لیکن عمران خان کی کوشش ہے کہ اس کا م کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے‘ میرا خیال ہے نواز شریف نہیں آئے گا‘ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر اپوزیشن بے نقاب ہوئی ہے‘ اپوزیشن کو پاکستان سے دلچسپی نہیں‘ یہ اقتدار کے بھوکوں کا ٹولہ ہے‘شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس بڑا سنجید ہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے ویمن کالج کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمن درس نظامی، قرات اور حفظ قرآن کے بچوں کو باہر لے کر آئیں گے تو یہ دین کی کوئی خدمت نہیں ہو گی‘ شہباز شریف اور فضل الرحمن کی ملاقات ناکام تھی اور وہاں موجود دوستوں نے مجھے بتایا کہ فضل الرحمن کے بڑے ہی چبھے ہوئے سوالات تھے‘ کراچی میں جو کچھ میڈیا دکھا رہا ہے لوگ خون کے آنسو رو رہے ہیں۔