جماعت اسلامی کے یوم یاسیس پر ملک بھر میں اجتماعات

136

اسلام آباد/لاہور/ پشاور/ کوئٹہ( نمائندگان جسارت)مفسر قرآن ومفکر اسلام مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی سربراہی میں26اگست1941ء کوقائم ہونے والی جماعت اسلامی کا 80واں یوم تاسیس ملک بھرمیں منگل کو منایا گیا، ملک کے تمام بڑے شہروں میں اجتماعات ، سیمینارز و تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جس سے جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین، صوبائی، ضلعی ومقامی رہنمائوں ، علما کرام،دانشوروں سمیت مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات نے خطاب کیا اور جماعت اسلامی کی سیاسی ودینی جدوجہد اور عوام اور ملک وملت کے لیے کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔یوم تاسیس کے سلسلے میں مرکزی تقریب جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ لاہور میں منعقد ہوئی جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری اور لاہور کے امیر ڈاکٹر ذکراللہ مجاہدنے خطاب کیا، سرگودھا میں یوم تاسیس کے اجتماع سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے خطاب کیا، بھلوال میں تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے خطاب کیا جبکہ چاروں صوبوں کے اہم شہروں میں امرائے صوبہ و دیگر ذمے داران نے تقریبات سے خطاب کیا۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کا 80واں یومِ تاسیس کراچی سمیت سندھ بھر میں منایاگیا،اس حوالے سے کارکنان نے دفاتراور اپنے گھروں پرپارٹی پرچم لگائے جبکہ منعقدہ اجتماعات، سیمینار سے جماعت اسلامی کے صوبائی، ضلعی ومقامی رہنمائوں کے علاوہ صحافی ودانشوروں نے جماعت اسلامی کی سیاسی،دینی جدوجہد اور عوامی اور ملک وملت کے لیے کی جانے والی خدمات پر اظہار خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ 26 اگست1941ء کو مفکر اسلام سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی سربراہی میں قائم ہونے والی جماعت ہی حقیقی معنوں میں ایک سیاسی ،دینی ،جمہوری اور خاندانی موروثیت سے پاک جماعت ہے، جہاں پر مقام سے لے کر مرکزی امیر کا باقاعدگی کے ساتھ انتخاب، تمام فیصلے عدل وانصاف ومشاورت کے ساتھ اور نظم کے بے لاگ احتساب کا طریقہ کار موجود ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے قبا آڈیٹوریم میں یومِ تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جو لوگوں کو اللہ کی طرف بلاتی ہے اور اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے، قرآن وسنت کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے، جب تک قوم کرپٹ نظام اور کرپٹ قیادت سے نجات حاصل نہیں کرتی اس وقت تک وہ بارش کے پانی سمیت مہنگائی، بے روزگاری،کرپشن سمت بے شمار مسائل کے اندر ڈوبی رہے گی، ملک وقوم کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے شکارپور،جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن نے کشمور، جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے گڈو ، عبدالحفیظ بجارانی نے ضلع جیکب آباد کے مقام کرمپور بجارانی میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کیا۔جماعت اسلامی ضلع غربی کراچی کے تحت بھی یوم تاسیس کے سلسلے میں پروگرام منعقد کیاگیا جس سے قائم مقام امیر ضلع مولانا فضل احد، نائب امرائے ضلع ماسٹرامین اللہ اور عارف خان نے خطاب کیا۔