بلیک لسٹ کی ذمے دار اپوزیشن کیوں؟

303

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو بلیک لسٹ کیا تو ذمے دار اپوزیشن ہو گی وہ بار بار اپوزیشن کی جانب سے قانون مسترد کرنے کو بلیک میلنگ کہہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں کبھی کسی حکومت کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم کی منطق عجیب ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے بلیک لسٹ کیا تو اپوزیشن ذمے دار ہو گی اگر وہ پاکستان کو بلیک اور گرے لسٹ سے نکال دے تو کیا وہ اس کا سہرا اپوزیشن کے سر باندھ دیں گے۔ ایسا تو ہر گز نہیں ہوگا۔ پھر وہ بار بار بلیک میلنگ کا لفظ استعمال کر رہے ہیں۔ انہیں یہ تو معلوم ہوگا کہ بلیک میلنگ اس کی ہوتی ہے جس کی کوئی کمزوری اس کے مخالفین کے ہاتھ ہوتی ہے تو وزیراعظم کی کون سی کمزوری اور کون سی غلطی ہے جو اپوزیشن کے ہاتھ لگ گئی ہے اور وہ بلیک میل ہو رہے ہیں۔ انہیں اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔ اگر وزیراعظم کے اصول کو مان لیا جائے تو پھر نواز شریف کی ناکامی یا ان کے دور کی خرابیوں کی ذمے دار ان کی اپوزیشن تھی جس میں عمران خان خود بھی شامل تھے اور پیپلز پارٹی کی خرابیوں کی ذمے دار مسلم لیگ ن اور دیگر پارٹیاں تھیں۔ تو احتساب کس کا کیا جائے اور حساب کس سے لیا جائے۔