عوامی نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں ‘ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

80

گلگت(اے پی پی)نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ڈی آئی جی(ر)میر افضل نے کہاہے کہ گلگت بلتستان بالخصوص دیامر میں پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال، نقصانات اور سڑکوں کی بحالی کے سلسلے میں حکومت تمام وسائل بروے کار لا رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈی جی ڈیزاسٹر مینجمنٹ گلگت بلتستان،انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ عوامی مشکلات دور کرنے کے لیے تمام توانائیاں اور وسائل صرف کریں۔چلاس تا گلگت مختلف مقامات پر شاہراہ قراقرم کی بحالی کا کام جاری ہے جس میں ایف ڈبیلو او کا بھی تعاون حاصل ہے۔ ضلعی دیامر کے انتظامی افسران تتہ پانی اور لال پڑی کے مقامات پر ہونے والے نقصانات کا نہ صرف فزیکل مانیٹر کر رہے ہیں بلکہ زخمیوں کو ریجنل ہیڈ کوارٹراسپتال منتقل بھی کر چکے ہیں جہاں ان کی طبی امداد جاری ہے اس کے علاوہ گزشتہ روز سے مجسٹریٹ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ دیامر اپنا عملہ اور مشینری کے ہمراہ دن رات سڑکوں پر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر کے نالہ جات میں بارشوں سے ہونے والے عوامی نقصانات کا تخمینہ بھی لگایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو ہدایات دی جا چکی ہیں کہ وہ عوامی نقصانات کو سرکاری ریکارڈ میں لائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کے دکھ درد میں نہ صرف شریک ہے بلکہ عوام کومشکلات سے نکالنے کے لیے اپنی بساط سے بڑھ کر کوشاں بھی ہے۔