امام حسینؓ کی قربانی سے رہنمائی لینا ناگزیر ہے ، صدر آزاد کشمیر

89

مظفرآباد (صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ امام حسینؓ نے اپنی اور اپنے جان نثار ساتھیوں کی جانیں قربان کرکے حریت پسندی کی ایک روشن مثال تاریخ انسانیت میں چھوڑی ہے، اس مثال پر جس قدر بھی فخر کریں کم ہے، سیدالشہداء کی عظیم شہادت نے مسلمانون کیلیے ایک خصوصی درس فراہم کیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ آج بھی اپنے اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلیے ہم اس واقعے سے رہنمائی حاصل کریں۔ ان خیالات کا ااظہارنے یوم عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ ہم اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے امام عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کی پاکیزہ مثال کو سامنے رکھیں تو مجھے پورا یقین ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتی اور کشمیر کو آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی۔ بندہ مومن کی معراج یہ ہے کہ راہ حق میں ضرورت پڑنے پر اپنی عزیز ترین متاع بھی قربان کردے۔ آپؓ کی عظیم الشان اور بے مثال قربانی نے نہ صرف اسلام کو مکمل تباہی سے بچا لیا بلکہ اپنے دور کے تمام مسلمانوں اور آنے والی نسلوں کو مستقل گمراہی اوربے راہ روی سے محفوظ کرلیا۔ آج اس مقدس موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی قومی زندگی میں اخوت، ہم آہنگی اور قربانی کے جذبے کو فروغ دیں گے، ہم اپنی صفوں میں نظم و ضبط اور یکجہتی پیدا کریں گے۔