لاہور (آن لائن) نیب لاہور نے شراب لائسنس کیس اور ٹھوکر نیاز بیگ گیٹ وے انکوائری میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو طلب کرنے کے بعد اب صوبائی وزیر عبدالعلیم خان اور صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کے خلاف بھی کیسز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس
حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ماضی میں ہوائوں کا رخ تبدیل ہونے کا جو عندیہ دیا گیا تھا اس پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے اور امکان ہے کہ نیب لاہور صوبائی وزرا عبدالعلیم خان اور سبطین خان کو جلد طلبی نوٹس جاری کرے گی جبکہ دوسری طرف اس صورتحال میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔ (ن) لیگی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے رہنما (ن) لیگی رہنمائوں کے خلاف نیب انکوائریوں پر ان کے استعفوں کا مطالبہ کرسکتے ہیں تو پاکستان مسلم لیگ (ن) نیب کے طلب کرنے پر کرپشن کے مبینہ الزامات پر مبنی انکوائریوں میں ملوث ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیوں نہیں کرسکتی۔