پی آئی اے نے مزید 74 ملازمین کو فارغ کردیا

302

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز سے جعلی اسناد، فرائض سے غفلت، رشوت ستانی، اسمگلنگ اور منشیات کے استعمال پر مزید 74 ملازمین کو فارغ کردیا ہے، جون اور جولائی میں بھی 103 ملازمین کو برخاست کیا جاچکا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن میں احتساب کا عمل تیز کردیا گیا ہے،اگست میں ادارے میں سزا اور جزا کے اعداد و شمار جاری کردیئے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی نے ایک ماہ کے دوران مختلف کیسز میں 74 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا ہے،ان افراد پر جعلی اسناد، فرائض سے غفلت اور رشوت ستانی کے الزامات تھے جبکہ اسمگلنگ اور منشیات کے استعمال پر بھی ملازمین کیخلاف کارروائی کی گئی۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ 4 ملازمین کی تنزلی ہوئی جبکہ 11 ملازمین کو مختلف انضباطی سزائیں بھی دی گئیں، 17 ملازمین کو اعلیٰ کاردگی پر تعریفی اسناد اور 5 کو نقد انعام سے نوازا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جون میں 41 اور جولائی میں 62 ملازمین کو مختلف الزامات ثابت ہونے پر برخاست کیا جاچکا ہے،عرصہ دراز سے زیر التواء انکوائریز اور تحقیقات کو جلد مکمل کیا جارہا ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز میں جعلی اور مشکوک لائسنسن پر بھی کئی پائلٹس کو نوکریوں سے نکالا جاچکا ہے جبکہ درجنوں افراد کیخلاف تحقیقات جاری ہیں۔