سہون ،منچھر جھیل کے دانستر واہ کے دروازوںکی مرمت مکمل

123

سہون ( نمائندہ جسارت ) منچھر جھیل کے دانستر واہ کے دروازوں کی مرمت کا کام مکمل،بارش سیلابی پانی سے کئی دیہات متاثر، کمشنر حیدرآباد عباس بلوچ کی جانب سے منچھر جھیل کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ۔تفصیلات کے مطابق سہون کے قریب ایشیا کی سب سے بڑی منچھر جھیل کے اوپر دانستر واہ کے ٹوٹے ہوئے دروازوں کی جگہ نئے دروازے لگانے کا کام مکمل کردیا گیا، جبکہ منچھر جھیل کے سیلابی پانی کی وجہ سے کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد عباس بلوچ کی جانب سے منچھر جھیل کا دورہ کرکے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر حیدرآباد غلام عباس بلوچ کو ڈی سی جامشورو فرید مصطفی نے بریفنگ دی۔کمشنر عباس بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دانستر واہ کا دروازہ ٹوٹنے سے جتنے بھی مکانات گرے ہیں ان کے سروے کروائیے جائیں گے، حکومت پہلے ہی برسات اور سیلاب متاثرہ شہروں کو آفت زدہ قرار دے چکی ہے۔ سروے کے دوران گرنے والے پکے اور کچے گھروں کے سروے کیے جائیں گے۔کمشنر حیدرآباد نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت ان متاثرین کی مدد کی جائے گی۔ متاثرین کی مدد کے لیے راشن اور پکا ہوا کھانا فراہم کریں گے، دروازے کی تنصیب کے بعد منچھر جھیل پل اور دیگر مرمت طلب مقامات کی مرمت کروائی جائے گی، تاہم یہ حقیقت ہے منچھر جھیل میں پانی کا دبائو جاری رہے گا، منچھر جھیل میں پانی کے دبائو کے اسباب حالیہ بارشیں اور ندی نالوں کا پانی آنا ہے ،کھیر تھر پہاڑی ندی نالوں کے پانی کا حتمی چھوڑ کا واحد ذریعہ منچھر جھیل ہی ہے۔