حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غیرقانونی طریقے سے رقم وصول کرنیوالے مزید 24 افسران اور ان کی بیگمات کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے جبکہ عدالت نے 3 خاتون افسران کو جرم ثابت ہونے پر سزائیں بھی سنائی گئیں ۔ سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 9 حیدرآباد کی عدالت نے ایف آئی اے کے تحت
درج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غیرقانونی طریقے سے مستحقین کے نام پر پیسے وصول کرنے والی ناز بی بی اورریشماں بی بی سمیت 3خاتون افسران کو جرم ثابت ہونے پر عدالتی وقت ختم ہونے تک عدالت میں بیٹھے رہنے اور فی کس8 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ۔ایف آئی اے حیدرآباد نے تینوں خاتون افسران کے خلاف11اور 14 جولائی کو دھوکا دہی اور جعلسازی کے مقدمات درج کیے تھے۔ دوسری طرف ایف آئی اے نے مزید24سرکاری افسران اور ان کی بیگمات کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔